نئی دہلی،15؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس لیڈر سلمان خورشید کے بعد اب کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)کے رکن پارلیمنٹ حنان مولانے بھی کہا ہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ہندوستان میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کا کام کر رہی ہے۔ حملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اور وہ سکیولر نظام بنانے میں مدد نہیں کر رہے ہیں۔حنان مولا نے یہ بھی کہا کہ جو کام طالبان دوسرے ممالک میں کر رہے ہیں، وہی کام بھارت میں آر ایس ایس کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ ان دنوں کانگریس لیڈر سلمان خورشید کی کتاب سن رائز اوور ایودھیا کافی تنازعات میں ہے۔ اپنی کتاب میں خورشید نے ہندوتوا کا موازنہ آئی ایس آئی ایس اور بوکو حرام جیسی دہشت گرد تنظیموں سے کیاہے۔ انہوں نے ہندوتوا کی سیاست کو خطرناک قرار دیا ہے۔ جب سے یہ کتاب سامنے آئی ہے ماحول گرما گیا ہے اور شدت پسند تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کئی مقامات پر سلمان خورشید کے خلاف پولیس میں شکایات درج کررہے ہیں۔ ان اراکین کی طرف سے کتاب کی فروخت کو روکنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔